ممبئی،07؍اپریل(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) سال 2012 میں آئی سی آئی سی آئی بینک کے ذریعہ ویڈیوکان گروپ کو3,250 کروڑ روپے کا قرض دینے کے معاملے میں بینک کی ایم ڈی اور سی ای او چندہ کوچر کے دیور راجیو کوچر سے سی بی آئی نے آج مسلسل تیسرے دن بھی پوچھ گچھ کی۔ حکام نے یہ معلومات دی۔انہوں نے بتایا کہ کوچر سنگاپورواقع اوستا اڈوائزری کے بانی ہیں۔وہ آج صبح ممبئی میں باندرہ کرلا کمپلیکس میں جانچ ایجنسی کے دفتر میں پیش ہوئے، جہاں ان سے قرض کے معاملے میں ان کی کمپنی کے کردار کو لے کر پوچھ گچھ ہوئی۔پوچھ گچھ کے دوران راجیو کوچر سے یہ پوچھا گیا کہ ویڈیوکان کو آئی سی آئی سی آئی بینک سے قرض دلانے میں انہوں نے کیا مدد کی۔غور طلب ہے کہ وینو گوپال دھوت گروپ کی کمپنی کو 20 بینکوں نے 400 ارب روپے کا قرض دیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سی بی آئی کی درخواست پر کوچر کو جمعرات کو ممبئی ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا۔وہ جنوب مشرقی ایشیائی ملک جانے کے لئے ایک طیارے میں سوار ہونے والے تھے۔حکام کے مطابق ایجنسی نے قرض کے معاملے میں ویڈیوکان گروپ کے بانی وینو گوپال دھوت، دیپک کوچر اور کچھ نامعلوم لوگوں کے خلاف ابتدائی تحقیقات درج کی تھی۔ سی بی آئی الزامات کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے لئے ابتدائی تحقیقات کر رہی ہے۔یہ معاملہ حال میں زیربحث آیا ہے۔دھوت کے نیوپاور رینیویبل کے ساتھ مبینہ لین دین کو لے کر اس معاملے کی جانچ ہو رہی ہے۔نیوپاور رینیویبل کی تشکیل دیپک کوچر نے کی تھی۔دیپک کوچر چندا کوچر کے شوہر اور راجیو کوچر کے بھائی ہیں۔گزشتہ ہفتے آئی سی آئی سی آئی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے چندا کوچر کے تئیں اعتماد جتایا تھا۔